افغان طالبان کے ہاتھوں لوک گلوکار قتل،برطانوی اخبار کا دعویٰ


برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نے ایک لوک گلوکار کو قتل کر دیا ہے۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز فواد اندرابی نامی گلوکار کے اہل خانہ نے بتایا کہ طالبان نے فواد اندرابی کو جمعہ کے روز وادی اندرابی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

یہ علاقہ کابل کے شمال میں تقریبا 100 کلومیٹر (60 میل) کے فاصلے پر صوبہ بغلان میں ہے جس پر طالبان نے 15 اگست کو دوبارہ قبضہ کر لیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق گلوکار کے بیٹے جواد نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ طالبان اس سے قبل ان کے گھر آئے تھے اور ان کی تلاشی لی تھی، یہاں تک کہ موسیقار کے ساتھ چائے بھی پی رہے تھے۔ لیکن جمعہ کو سب کچھ بدل گیا اور طالبان میرے والد کو قتل کر کے چلے گئے۔

دوسری جانب مقامی طالبان کے ایک کونسل نے ان کے والد کے قاتل کو سزا دینے کا وعدہ کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اے پی کو بتایا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں گے تاہم ان کے پاس قتل سے متعلق مزید معلومات نہیں تھیں۔

رپورٹ کے مطابق  فواد اندرابی غیچک اور ستار بجاتے اور اپنی جائے پیدائش اور افغانستان کے بارے میں لوک گیت گاتے تھے۔

اقوام متحدہ کی ثقافتی حقوق کی خصوصی نمائندہ کریمہ بینونے نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا کہ انہیں اندرابی کے قتل پر شدید تشویش ہیں،ہم حکومتوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ طالبان سے مطالبہ کریں کہ فنکاروں کے انسانی حقوق کا احترام کریں۔


متعلقہ خبریں