لاہور: خصوصی افراد نے اپنے مطالبات کے حق میں کلمہ چوک پر احتجاجی دھرنا دیا جس کے باعث میٹرو بس سروس معطل ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق 50 کے قریب خصوصی افراد، جن میں نابینا بھی شامل تھے، نے میٹرو ٹریک پردوپہر تین بجے سے دھرنا شروع کیا جس کے باعث میٹرو بس سروس جزوی طور پر معطل ہو گئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت انہوں نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا لیکن کسی نے ان کی بات نہ سنی چنانچہ مطالبات کی منظوری کے لئے وہ کلمہ چوک میٹرو ٹریک پرآئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے اعلی حکام سمیت تمام ملازمین انتہائی کرپٹ ہیں اور خصوصی افراد کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ خدمت کارڈ جاری نہیں کئے جا رہے، حکومتی اعلان کے باوجود ان کے پڑھے لکھے افراد کو ملازمتیں نہیں دی جا رہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اب وہ مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن لے کر ہی اٹھیں گے۔
انہوں نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے مسائل پرازخود نوٹس لیں۔
ابھی تک کوئی حکومتی یا سرکاری شخصیت خصوصی افراد سے مذاکرات کے لیے نہیں پہنچی۔