رکشہ سوار خاتون سے دست درازی کرنےوالےملزمان گرفتار


لاہور میں رکشہ پرسوار خاتون سے دست درازی کرنےوالےملزمان گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کا تعلق منڈی فیض آباد ننکانہ سے ہے۔ ملزمان کےخلاف تھانہ لاری اڈہ میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

خیال رہے14اگست کے روز لاہور میں چنگ چی رکشہ میں خاتون سے بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ لاری اڈہ غلام عباس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق 2 خواتین اور ایک بچی رکشے میں بیٹھی تھیں جب اوباش لڑکوں نے پیچھا کیا۔ اس دوران 10 سے 12 لڑکے خواتین پر آوازیں کستے رہے۔

متن میں درج ہے کہ سفید رنگ کی شرٹ میں ملبوس لڑکا رکشے میں سوار ہوا۔ لڑکے نے خاتون کو ہراساں کیا اور دست درازی کر کے فرار ہو گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اوباش نوجوانوں نے خواتین کو ہراساں کیا اور پیچھا کرتے رہے، اوباش نوجوان موٹر سائیکل سے اتر کر رکشے میں سوار ہوگیا اور خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی۔

رکشے میں سوار خواتین نے خود کو بچانے کے لیے جوتا اٹھا لیا، خواتین کے ساتھ رکشے میں بچہ بھی سوار تھا۔

ویڈیو14 اگست کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں خاتون کیساتھ دست درازی کی گئی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے دو خواتین ایک بچے سمیت چنگچی رکشے میں سوار ہو کر جا رہی تھیں۔

سڑک پر ٹریفک کا رش تھا اور کافی تعداد میں موٹر سائیکل سوار نوجوان بھی رکشے کے پیچھے چل رہے تھے۔ دو موٹرسائیکل سوار خواتین کی ویڈیو بھی بنا رہے تھے۔


متعلقہ خبریں