عوام کو لوٹنے والی قوتوں کو شکست دیں گے، سراج الحق


کوئٹہ: جماعت اسلامی کے سربراہ اور مجلس عمل کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام کو لوٹنے والی تمام قوتوں کو شکست دیں گے۔

ہفتہ کے روز بلوچستان کے الفلاح ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ امن و امان پر خطیر رقم خرچ ہو رہی ہے لیکن صورتحال میں بہتری نہیں آرہی۔

ایم ایم اے کے صوبائی قائدین کی موجودگی میں ہونے والی نیوز کانفرنس میں جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ آئے روز شہر یوں کو قتل کیا جاتا ہے، حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے 35 ہزار نوکریوں کا اعلان کیا گیا مگر ملازمتیں نہیں دی گئیں۔ گزشتہ روز 23 کان کن جاں بحق ہوئے، مزدوروں کو حالات کے رحم کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔

صوبائی معاملات کے متعلق انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پینے کا پانی اور بے روزگاری سنگین مسائل کی شکل اختیار کر چکے ہیں، کم از کم حکومت کو اس بجٹ میں پانی کے مسئلہ کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔

پاک امریکہ کشیدہ تعلقات پر تبصرہ کرتے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی سفارت کاروں کی نقل وحرکت محدود کرنے کی حمایت کرتے ہیں، امریکہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کو تنہا چھوڑا ہے، کئی دفعہ دھوکہ دیا ہے۔

حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں حکومت نے پانچ ہزار روپے سے زائد قرض لیا ہے۔


متعلقہ خبریں