نازیہ حسن کو قتل کیا گیا، بھائی زوہیب حسن کا الزام


پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر مرزا اشتیاق بیگ اور ان کے بھائی زوہیب حسن نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کر دیئے۔

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے زوہیب حسن نے الزام عائد کیا کہ نازیہ حسن کو ان کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے زہر دیا تھا، زہر دینے کا نازیہ حسن نے خود اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بتایا تھا۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اشتیاق بیگ کے مظالم سے تنگ آکر ہی نازیہ حسن نے مرنے سے پہلے ان سے طلاق لی، اشتیاق بیگ نے نازیہ حسن کو برطانیہ میں قیدی بنا کر بھی رکھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شخص نے پہلے نازیہ کو تکلیفیں پہنچائیں پھر میرے ماں باپ کو دکھ پہنچائے، اشتیاق بیگ سے نازیہ کی شادی کروانا ہماری سب سے بڑی غلطی تھی۔

دوسری جانب زوہیب حسن کے الزامات پر مرزا اشتیاق بیگ نے اعلان کیا کہ وہ زوہیب حسن پر ایک ارب روپے ہرجانے کا کیس کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب نازیہ حسن نے گلوکاری چھوڑی تو زوہیب حسن کا کیریئر ختم ہو گیا تھا۔ وہ نہیں چاہتے تھے کہ نازیہ کی شادی میرے سے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اور نازیہ کے نام جو پراپرٹی تھی زوہیب چاہتے تھے کہ میں ان کے نام کر دوں۔ ان کے والد میرے پاس آئے تھے انہوں نے کہا تھا کہ آپ ایک ملین مجھے دے دیں تو بچے کی تحویل آپ کے نام کر دوں گا۔

مرزا اشتیاق بیگ نے کہا کہ نازیہ حسن کو ان تمام معاملات کا نہیں پتہ تھا کیونکہ وہ کینسر کی آخری اسٹیج پر تھیں۔


متعلقہ خبریں