مجھے جیل بھیجنے کی کوشش ہو رہی ہے، نواز شریف


ملتان: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میں 66 ویں پیشی بھگت کرآپ کے پاس آیا ہوں، مجھے جیل بھیجنے کی کوشش ہو رہی ہے، مجھ پرجو بھی گزر رہی ہے لیکن آپ نے ووٹ کوعزت دینی ہے۔

ملتان کے قاسم باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے لگتا ہے جیسے جنوبی پنجاب نوازشریف کے پیچھے کھڑا ہے، پورا ملتان جلسہ گاہ بن گیا ہے، لوگ دیکھ سکتے ہیں کہ جنوبی پنجاب کس کا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج گیارہ مئی ہے اورعوام نے اسی روز مجھے ووٹ دے کروزیراعظم بنایا تھا، آج ایک بار پھر آپ کے پاس آیا ہوں، بیٹے سے تنخواہ لینے پرمجھے نا اہل کیا گیا ہے، خود عمران خان کہتا ہے کہ یہ کمزور فیصلہ ہے، اس قسم کے فیصلے صرف پاکستان میں ہوتے ہیں، اسی بنیاد پر مجھے پارٹی صدارت سے ہٹا دیا گیا، ہم نے تین نسلوں کا حساب دیا ہے۔

میاں نواز شریف نے اپنی حکومت کی خدمات گنواتے ہوئے کہا کہ  ہم نے دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا، کراچی کے امن کو بحال کیا، لوڈ شیڈنگ اب برائے نام ہے، چند ماہ میں لاہور سے ملتان موٹر وے مکمل ہو جائے گی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل انہوں نے دیکھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ والوں کے ساتھ لاڈلہ بھی بیٹھا ہوا تھا، نیا پاکستان جس نے دیکھنا ہے ملتان آ کر دیکھے جو اب ترقی یافتہ شہروں میں شامل ہورہا ہے، ملتان پشاور سے بہترنہ ہوا تو عوام سے ووٹ مانگنا چھوڑ دوں گا۔

لودھراں کے ضمنی انتخابات کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018 میں پورا پاکستان لودھراں بننے والا ہے، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو اگلے انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تا کہ ہم نااہلی والے فیصلے کو ختم کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے جس قدر پیار ملا ہے، جی چاہتا ہے باقی تمام زندگی یہاں گزار دوں، میں جہاں بھی ہوں گا آپ لوگوں کا ساتھ  نہیں چھوڑوں گا، ملتان والوں کی محبت کا میرے پاس کوئی جواب نہیں۔

جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کا معاملہ سترسال پرانا ہے، اب نواز شریف کی صورت میں ووٹ کو عزت دلانے والا پیدا ہو گیا ہے، عمران خان کو ووٹ اس لیے نہیں ملتا کیونکہ وہ ووٹ کی پرچی سے خلائی مخلوق کے جوتے صاف کرتا ہے، نواز شریف کا مقابلہ عمران خان کے بڑوں سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دو سالوں سے دس روپے کی کرپشن نہیں ملی تو پھر نواز شریف صادق اور امین بھی ہے، ووٹ دینا اور اس ووٹ پر پہرا بھی دینا، آندھی آئے، طوفان آئے، ہتھکڑیاں ہوں، جلا وطنی ہو مگر نواز شریف کا ساتھ نہ چھوڑنا۔


متعلقہ خبریں