شہد کی مکھیوں کا حملہ، ایک شخص ہلاک، 5 زخمی


امریکی ریاست ایریزونا میں شہد کی مکھیوں نے مقامی شہریوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ جس کی ابھی تک شناخت نہیں کی جا سکی۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقع تب پیش آیا جب ٹوسان میں گھر کے پاس موجود درخت پر مکھیوں کے چھتے کو چھیڑا گیا، جس پر وہ مشتعل ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق 100 پاونڈ وزنی اس چھتے پر سینکڑوں مکھیاں موجود تھیں، جنہوں نے 5 افراد کو سو سے زائد مرتبہ ڈنک مار کر زخمی کیا، زخمیوں میں 3 فائر فائٹرز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ فوری طبی امداد کے لیے تمام افراد کواسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ناقابل یقین: شہد کی مکھیاں بوتل کا ڈھکن کھولنے میں کامیاب،ویڈیو وائرل

واقعہ کے فوری بعد علاقے کو مکمل سیل کر کے  چھتے کو ہٹا دیا گیا جبکہ تمام مکھیوں کو بھی مار دیا گیا ہے، تاہم پولیس نے ٹوئٹ کے ذریعے شہریوں کو علاقے میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی درخواست کی ہے۔

شہد کی مکھیوں کے لیے بنائی گئی خصوصی ایسوسی ایشن کے مطابق، ملک کے دیگر حصوں کی نسبت جنوبی ایریزونا میں مکھیوں کے غول زیادہ عام اور خطرناک ہیں، اورامریکا میں ہر سال 62 افراد شہد کی مکھیوں کا شکار ہو کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:انجلینا جولی شہد کی مکھیوں کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے سرگرم

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں سب سے عام شہد کی مکھی ایک افریقی ہائبرڈ ہے، جو ان لوگوں پر حملہ کرتی ہے جو اس کے علاقے کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

مقامی فائر ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق 2017 میں وسطی ایریزونا میں مکھیوں کے غول سے ایک گھوڑا بھی ہلاک ہوچکا ہے۔


متعلقہ خبریں