چیئرمین نیب کا معاملہ چھوٹا نہیں اسے سنجیدگی سے لے رہے ہیں، نوازشریف


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے بیان کا معاملہ معمولی نہیں بلکہ بہت سیریس ہے اسے سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب کے الزامات پر پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلایا ہے جس کا مقصد اس معاملے کو زیر بحث لانا ہے۔

یہ بھی دیکھیں: تفتیش کے لئے طلب کرنے کا جرم ہوتا رہے گا، چیئرمین نیب

نوازشریف نے کہا کہ مجھے وزرات اعظمیٰ اور پارٹی صدارت سے محروم کرکے تاحیات نااہل کردیا گیا، جو یہ سب کر رہے ہیں راستہ بھی انھوں نے ہی نکالنا ہے کبھی مارشل لاء کے دور میں بھی ایسا نہیں ہوا، اس سے زیادہ حالات اور کتنے گھمبیر ہوں گے۔

چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے، حمزہ شہباز کی نیب میں طلبی اور خلائی مخلوق کے حوالے سے سوال پرنوازشریف نے کوئی جواب دینے کی بجائے خاموشی کو ترجیح دی۔

جمعہ کے روز سابق وزیراعظم العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت  کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

متعلقہ خبر: نواز شریف کے خلاف 566 ارب روپے بھارت منتقل کرنے کی تحقیقات کا اعلان

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق  28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے سابق وزیراعظم اور ان کی فیملی کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تین ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کررکھے ہیں۔


متعلقہ خبریں