حکومت نے عید پر 3 تعطیلات کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: حکومت نے عیدالضٰی پر 3 سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 20 سے 22 جولائی تک عید تعطیلات ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزرائے اعلیٰ ججز و دیگر لوگوں نے سیکیورٹی کے لیے بے شمار لوگ اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اس لیے اب کابینہ سمیت تمام لوگوں سے اضافی سیکیورٹی واپس لی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو تجارت فری شہر بنانے کے لیے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایات کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں افواج پاکستان کے لیے 25 فیصد اسپیشل الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے کیونکہ 2 سال سے افواج پاکستان کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز اور ایف سی کو بھی اسپیشل الاؤنس میں شامل کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر ہمیں تشویش ہے اور افغانستان مسئلے کے حل کے لیے عالمی تعاون درکار ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ افغانوں کو اپنا گھر نہ چھوڑنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دنیا کو افغان مسئلے پر اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں