مریم نواز اور شہباز شریف کی سیاست میں فرق آئے گا، شیخ رشید

غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز اور شہباز شریف کی سیاست میں فرق آئے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرحد پر بہت جلد باڑ لگانے کا کام مکمل ہوجائے گا۔ افغانستان میں امن ہو گا تو خطے میں استحکام ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی خواہش ہے جبکہ چمن سرحد کو الیکٹرانک انٹری نظام سے منسلک کر رہے ہیں جس کا میں خود افتتاح کروں گا۔ افواج پاکستان اپنی ذمہ داریوں کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیئرمین نادرا کو ہدایت کی ہے کہ نادرا سے غیر ضروری افراد کو نکالا جائے اور نادرا سے 19 افراد کو نکالا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں نوکریوں کے لیے 12 لاکھ افراد نے درخواستیں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ مریم نواز اور شہباز شریف کی سیاست میں فرق آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کیخلاف شواہد ہر فورم پر پیش کریں گے، وزیر خارجہ

وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور دھماکے سے متعلق پنجاب پولیس نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ بھارت نے آج تک دل سے ہمیں قبول نہیں کیا جبکہ را اور دیگر بھارتی ادارے امن تباہ کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔ لاہور دھماکے میں بھی بھارتی خفیہ ادارے ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی ہم نے ایک دہشت گرد گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ ساری قوم ملکی سلامتی کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ازبکستان جا رہے ہیں جبکہ ازبکستان سے لاہور کے لیے پروازیں شروع ہو چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں