اللہ نہ کرے ہماری قسمت عمران خان کی طرح ہو، نواز شریف


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نیب بہت سے معاملات میں اپنے اختیارات سے تجاوز کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے حوالے سے وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں جو بات کی وہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا اور وہ سیاستدان ہی کیا جس کی بات پر اعتبار نہ کیا جاسکے۔

احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک میں جمہوری حکومتوں کے قوانین چلیں گے یا ڈکٹیٹرز کے بنائے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک ڈکٹیٹر کا بنایا ہوا قانون ہے جسے مشرف نے اپنے عزائم کے لیے بنایا تھا، اب ڈکٹیٹر کا بنایا ہوا قانون ختم ہونا چاہیے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اگر نیب کی طرف سے کوئی چیز سامنے آنی ہوتی تو پہلے 10 روز میں آجاتی، جب تک نیب کو ثبوت نہ مل جائے یہ ٹرائل آگے بڑھتا رہے گا۔ انہوں نے خوشگوار موڈ میں کہا کہ سوشل میڈیا پر چل رہا ہے ٹائی ٹینک ڈوبنے کی وجہ سامنے آگئی ہے اور نواز شریف کو نوٹس جاری ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ ہماری قسمت عمران خان کی طرح ہو۔ انہوں نے کہ کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو جہاں کوئی چیز راس آتی ہے وہاں ایک معیار ہوتا ہے اور جہاں کچھ راس نہ آئے وہاں معیار دوسرا ہوتا ہے۔

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے پی ٹی آئی میں انضمام کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہیں کوئی نہیں جانتا، جو لوگ شامل ہوئے وہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور عوام ہمارے ساتھ ہیں۔

گوجرانوالہ سے رانا نذیر کی تحریک انصاف میں شمولیت کے سوال پرسابق وزیراعظم  نواز شریف نے کہا کہ میں نے بھی سنا ہے کہ وہ تحریک انصاف میں جا رہے ہیں، ان کے بیٹے نے پارٹی صدارت کے لیے مجھے ووٹ بھی نہیں دیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف آج پنجاب ہاؤس میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ وہ پریس کانفرنس میں نیب کی جانب سے عائد کردہ الزامات کےجوابات دیں گے۔


متعلقہ خبریں