ٹور ڈی خنجراب سائیکل ریس دوسری بار ملتوی

ٹور ڈی خنجراب سائیکل ریس دوسری بار ملتوی

دنیا کے بلند ترین راستے پر تیسری ٹور ڈی خنجراب سائیکل ریس کو عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دوسری بار ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) کے صدر سید اظہرعلی کا کہنا ہے کہ حکومت گلگت و بلتستان کی مشاورت سے بین الاقوامی سائیکل ریس کا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے۔

صدر پی سی ایف سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ طے شدہ تمام کھیلوں کے پروگرامز کو ملتوی کردیا ہے اور غیر ملکی ٹیموں کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں: ’ ٹوورڈی خنجراب ‘سائیکل ریلی کا آغاز 27 جون سے ہوگا

صدر پی سی ایف کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کورونا صورتحال بہتر ہونے کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کرے گی۔

خیال رہے کہ ٹور ڈی خنجراب سائیکل ریس کا شمار دنیا کی مشکل ترین ریسوں میں ہوتا ہے۔ اس ریس کا اختتامی نکتہ سطح سمندر سے پانچ ہزار میٹر بلندی پر چین کے ساتھ سرحدی مقام خنجراب ہے۔

یہ ریس چار مراحل پر مبنی ہوتی ہے جن میں سے ہر ایک میں تقریباً 66 سے 94 کلومیٹر کا فاصلہ ایک دن میں طے کیا جاتا ہے۔ اس ریس کا آخری دن سب سے زیادہ مشکل ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ تیسری ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس 23 سے 27 جون 2021 کو ہونا تھا۔


متعلقہ خبریں