اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں آندھی کے بعد بارش ہوئی جس کے بعد تینوں شہروں کا موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا جس پر شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔

آئیسکو کے مطابق آندھی اور بارش کے باعث 100 سے زائد فیڈرز پر فالٹ آیا تاہم موسم بہتر ہوتے ہی متاثرہ علاقوں کی بجلی بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا۔

ترجمان آئیسکو کے مطابق مختلف مقامات پر بجلی کے تاروں پر درخت اور سائن بورڈز بھی گرے جو بجلی معطلی کا سبب بنا۔

لاہور، قصور، کاہنہ، مریدکے، شاہ کوٹ، سانگلہ سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی رات گئے تیز آندھی اور بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کی پیشگوئی

میرپور آزاد کشمیر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش شروع ہوتے ہی متعدد سیکٹرز اور دیہاتوں میں بجلی غائب ہو گئی۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش شروع ہوتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا۔


متعلقہ خبریں