شکرگڑھ: پولیس نے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کے ملزم عابد حسین کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعہ کے ماسٹرمائنڈ حافظ جمشید کوگرفتارکر لیا ہے جو ملزم عابد حسین کے گاؤں میں امام مسجد تھا۔ حافظ جمشید کا تعلق جنوبی پنجاب سے بتایا جا رہا ہے۔ ملزم کی ذہن سازی کرنے والا دودھے مدرسے کا مہتمم قاری شاہد مدنی تاحال فرار ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم عابد حسین نے کوٹ اصالت کے رہائشی کاشف سے پستول خریدا جبکہ اس کے لئے گولیاں منظورہ پورہ کے سبیل طور سے خریدیں۔
وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے ایڈیشنل آئی جی (اے آئی جی) پنجاب پولیس رائے طاہر کی سربراہی میں نارووال کا دورہ کیا، انسپکٹر طارق محمود نے ٹیم کو وفاقی وزیرداخلہ پر قاتلانہ حملے کے روز ہونے والے واقعات کے بارے میں بریفنگ دی۔
جے آئی ٹی نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اورشواہد جمع کیے، ٹیم نے موقع پرموجود لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور احسن اقبال کے محافظوں کے بیانات بھی قلمبند کیے۔
احسن اقبال کو اتوار کے روز 21 سالہ ملزم عابد حسین نے اس وقت گولی مار کر زخمی کر دیا تھا جب وہ نارووال میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کے بعد واپس روانہ ہو رہے تھے۔
پیر کے روز پنجاب حکومت نے اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس میں خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار بھی شامل ہیں۔