پانی کا مسئلہ: حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، قوم کو مل کر یہ جنگ لڑنا ہو گی، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  پانی کا بڑا مسئلہ آنے والا ہے، صوبوں سے ابھی سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ ہمارا پانی چوری ہوگیا، ماحولیات کا خیال نہیں رکھیں گے تو بھاری قیمت چکانا ہوگی ،حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، قوم کو مل کر یہ جنگ لڑنا ہو گی۔

اسلام آباد میں یوم ماحولیات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان کو آئندہ نسلو ں کی فکر ہے، قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، خواتین اور نوجوانو ں کوجنگلات سیکٹر میں ملازمتیں دیں گے۔ فاریسٹ گارڈز کو خود کی حفاظت کے لیے تربیت فراہم کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری کے لیے دنیا پاکستان کی کاوشوں کو تسلیم کررہی ہے۔ کئی ممالک کو ماحول سےمتعلق بہت پہلے سے احساس تھا اوران کو فکر تھی۔

وزیراعظم  نے کہا کہ چھانگا مانگا، میانوالی اور دیگر شہروں کے  بڑے بڑے جنگلات ہمارے سامنے تباہ ہوئے۔ اب نہریں تو کیا نلکے میں بھی صاف پانی نہیں آتا۔ 10سال ہمارے لیے موقع ہے کہ ہم نے اصلاح کرنی ہے۔

مزید پڑھیں: ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں پاکستان کومدعو نہ کرنے پر شور شرابے پرحیرت ہے،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حرص اور ہوس نے دنیا کی توجہ انسانیت سے ہٹادی۔ عالمی حدت کی وجہ سے پانی کا بڑا مسئلہ سامنے آرہا ہے۔ ہمارے صوبو ں سے ابھی سے پانی کے مسائل پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ایمان ہے کوشش کے بعد نتیجہ اللہ پرچھوڑ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی حدت صرف ایک یا دو ممالک کو نہیں خطے کو لپیٹ میں لیتی ہے۔ تاجک صدر کے مطابق ان کے ملک میں گلیشئر پگھل چکا ہے۔ ٹمبرمافیا نے جنگلات کو تباہ کردیا۔ خیبرپختونخوا میں ٹمبرمافیا سےنمٹتے ہوئے محکمہ جنگلات کے 10 اہلکارجاں بحق ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  ملک بھر کے اساتذہ بچوں کو شجرکاری مہم کی ترغیب دیں۔ خیبرپختونخوا میں شجرکاری مہم سے متعلق 2 سال نتیجہ کمزور رہا۔ خیبرپختونخوا میں شجرکاری مہم کے 3 سال میں مثبت نتائج آگئے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کا پانی ری چارج منصوبے کے تحت محفوظ بنائیں گے۔ پاکستان میں مینگروز بڑھتے جارہے ہیں۔ بھوکے لوگوں کو ماحولیات کی پرواہ نہیں، مقامی لوگو ں کوکام کرنا ہوگا۔

 


متعلقہ خبریں