لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کے کیریئر کے چند ماہ باقی ہیں۔
کیریبین پریمئیر لیگ (سی پی ایل) میں پانچ سال تک بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کا حصہ رہنے کے بعد گیانا ایمیزون وارئیرز میں شمولیت کا اعلان کرنے والے شعیب ملک نے کرکٹ سے متعلق اپنے مستقبل کے منصوبے بھی بتائے۔
گیانا ایمیزون وارئیرز کے بارے میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ گیانا کی ٹیم ایک متوازن ٹیم ہے۔ کوشش ہو گی کہ میچز میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کر سکوں۔
بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کا حصہ رہنے والے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی نئی ٹیم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کروں۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق گیانا کے موسمی حالات پاکستان سے ملتے جلتے ہیں اس لیے توقع ہے کہ شعیب ملک وہاں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ کا ورلڈ کپ 2019 میرا آخری ورلڈ کپ ہو گا لیکن میری نظریں 2020 کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں۔