جہانگیرترین تحقیقات: بیرسٹر علی ظفر کو کام سے روکنے کی درخواست مسترد


اسلام آباد ہائیکورٹ نے جہانگیر ترین معاملے پر تحقیقات کرنے والے بیرسٹر علی ظفر کو کام سے روکنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کی۔ پٹیشنر فہد اورکزئی کی جانب سے کوئی بھی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا فوجداری کارروائی لاہور میں چل رہی ہیں جو کہ ہمارے دائرہ کار میں نہیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے کہا درخواست گزار شہری اس معاملے میں متاثرہ فریق بھی نہیں۔ فوجداری مقدمات میں غیر متعلقہ فرد درخواست بھی نہیں دے سکتا۔ اس طرح عادی درخواست گزار کیس کریں گے تو عام سائلین کا کیا ہو گا۔

چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ عدالت کو ایسی Frivolous پٹیشنز سننی چاہئیں؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا ایسے غیر متعلقہ پٹشنرز کی درخواستیں نہیں سنی جانی چاہئیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے لوگ اس طرح کی درخواستیں عدالت لا کر عدالتی وقت ضائع کرتے ہیں، عام سائلین کے زیر التوا کیسز بھی متاثر ہوتے ہیں۔

بے بنیاد درخواست پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔


متعلقہ خبریں