وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق بڑا اعلان

محمود خان (mehmood khan)

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں آئندہ بجٹ میں 25 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ گزشتہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے خیبر پختونخوا میں مزدور کی کم ازکم اجرت 17 ہزار روپے سے بڑھا کر 21 ہزار کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ تنخواہوں اور کم از کم اجرت میں اضافے کا اطلاق رواں سال یکم جولائی سے ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کے اجلاس  میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 25 فیصد اسپیشل الاؤنس کی منظوری دیدی گئی تھی

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 اور 10 فیصد اسپیشل الاؤنس کی تجاویزمسترد کردی تھیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کو 25 فیصد اسپیشل الاؤنس دینے کی ہدایت کردی تھی۔

مزید پڑھین: سرکاری ملازمین کیلیے خوشخبری: ایڈہاک ریلیف دینے کا اعلان، اعلامیہ جاری

پنجاب حکومت کے مطابق گریڈ 1 سے 19 تک 7 لاکھ 21 ہزار سے زائد صوبائی سرکاری ملازمین کو اسپیشل الاؤنس دیا جائے گا۔ اس میں پہلے سے اسپیشل/ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے ملازمین شامل نہیں ہوں گے۔جون میں اسپیشل الاؤنس تنخواہوں میں شامل کردیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا تھا کہ سرکاری ملازم ہمارے دست و بازو ہیں، ان کے مسائل کا احساس ہے۔ بجٹ میں بھی صوبائی ملازمین کے لیے خوشخبری ہوگی۔


متعلقہ خبریں