کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کراچی سمیت سندھ میں آج رات 8 بجے کے بعد گھر سے غیر ضروری طور پر نکلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گھر یا پرائیویٹ مقام پر بھی پر 10 سے زائد افراد کا اجتماع نہیں ہوسکے گا۔ کورونا ایس او پیز میں سختی پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیہ کے مطابق ایمرجنسی کی صورت میں ڈرائیور کے ساتھ ایک شخص کو نکلنے کی اجازت ہوگی۔
نئے اعلامیہ کے تحت نجی دعوتوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ گھر، شادی ہال یا کسی بھی مقام پردس سےزائد افراد کی تقریب یا اجتماع نہیں ہوسکے گا۔
حکم نامے کے مطابق ریسٹورنٹس کو صرف ہوم ڈیلیوری، ٹیک اوے اور ڈرائیو تھرو کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں انڈوراورآوٹ ڈور سروس پر پابندی برقرار رہے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ روز کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود سرپرائز وزٹ کریں گے اور اگر خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی بھی ہو گی۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے سندھ میں مزید 6 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ 1209 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا سے متعلق صورتحال کے حوالے سے بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار749 ہو گئی جب کہ اب تک مجموعی طور پر 4 ہزار 942 کی اموات ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے 903 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 70 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا کے مزید 425 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار837 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس: سندھ میں پابندیاں برقرار رکھنےکافیصلہ
یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے تا حکم ثانی بند رہیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق تعلیمی اداروں میں اساتذہ 50 فیصد کی حاضری کے احکامات کے تحت آسکیں گے۔
ہم نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ آن لائن کلاسز کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے ہدایات دی ہیں کہ آن لائن کلاسز کے ساتھ ہوم ورک کے لیے ای میل اور واٹس ایپ سے تعلیمی عمل جاری رکھا جائے۔
سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے واضح طور پر کہا ہے کہ تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے جاری کردہ سلیبس کے تحت اپنا کورس مکمل کرائیں۔