لاہور: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہوں۔
سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی سے حلف اٹھائے بغیر باہر آئے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تین سال تک ذاتی طور پر سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی۔ قومی اسمبلی کی نشست پر ناکام ہوا یا ناکام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی نشست پر 34 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے ممبر منتخب ہوا۔ ایک ہفتے قبل پنجاب اسمبلی کو خط لکھا اور حلف لینے سے متعلق آگاہ کیا لیکن آج کہا گیا اسپیکر موجود نہیں حلف نہیں ہو سکتا۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پینل آف چیئرمین کے پاس تمام اختیارات ہوتے ہیں لیکن آج بتایا گیا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے بغیر حلف نہیں لیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے خلاف عدالت جائیں گے جبکہ دو روز بعد حلف اٹھانے پھر آؤں گا۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ ٹھنڈا کر کے کھائیں۔ ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے البتہ سیاسی معاملات پر زیادہ تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ حکومت ایک آرڈیننس لانے کی کوشش میں ہے۔