4 فیصد شرح نمو اسحاق ڈار کے نمبرز نہیں بلکہ حقائق کی بنیاد پر ہیں، حماد اظہر


وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ کورونا کے باوجود ترقی کی شرح چار فیصد کے قریب ہو گی، صنعت اور زراعت کا پہیہ مزید تیز چلے گا، ترقی کی رفتار کو مزید بڑھائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنے آخری سال میں ملک کو ڈیفالٹ کے قریب چھوڑ کر گئی تھی،  اس نے  11 ارب روپے کے قرضے لیے، اپوزیشن مایوس نہ ہو، ترقی کی رفتار بڑھنے سے ملک کا ہی فائدہ ہو گا.

وزیر توانائی حماد اظہرنے کہا کہ کورونا وبا کے دوران حکومتی پیکجز کی وجہ سے ملکی معیشت کی شرح ترقی حوصلہ افزا ہے۔ برآمداد کے اندر ہمیں تیزی نظر آئی۔ ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ اجناس کی مناسب قیمت مقرر کرنے سے کاشتکاروں کو فائدہ ہوا۔ بڑے درجے کی صنعتوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ امید ہے کہ ملکی مجموعی پیدوار کی 4 فیصد شرح حاصل کرلی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کرنٹ اکاوَنٹ سرپلس ہے۔ مارچ میں 3.2 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ریکارڈ کی گئی۔ ہوسکتا ہے کہ سال کے اختتام تک اس سے بھی زیادہ شرح نمو ہو۔

حماد اظہر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک سے ہم کوئی پیسہ نہیں لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ نے 11 ارب روپے کے قرضے لیے۔ ہم ماضی کے لیے ہوئے قرضے ادا کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: مالی سال 21-2020: پاکستان کی شرح نمو ایک فیصد رہنے کا امکان

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے اچھے نمبر زپر اپوزیشن نے پروپیگنڈا کیا۔ ہم نے کسانوں سے بھی مشاورت کرکے پالیسیز مرتب کیں۔ اجناس کی مناسب قیمت مقررکرنے سے کاشتکاروں کوفائدہ ہوا۔ یکم جولائی سے معاشی ترقی کی رفتار میں مزید اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں مصنوعی طریقے سے معیشت کو سنبھالا گیا۔ معاشی ترقی کی رفتار میں مزید اضافہ چاہتے ہیں۔ پوری دنیا میں کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہوئی ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ یہ اسحاق ڈار کے نمبرز نہیں بلکہ حقائق کی بنیاد پر ہیں۔ تعمیراتی شعبے میں ساڑھے 8 فیصد گروتھ ہوئی ہے۔ کرنٹ اکاوَنٹ 95 کروڑ ڈالر سرپلس ہے۔ ٹیکس ریونیو میں 15 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ گاڑیوں کی فروخت میں 54 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) معاہدے کے تحت اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا۔ ملک میں سیمنٹ کی پیدوار میں 17فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے د وران بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 9 فیصد رہی۔ ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں۔


متعلقہ خبریں