پاکستان قائداعظم کے وژن کے مطابق فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے،وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  پاکستان قائداعظم کے وژن کے مطابق فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، ماضی میں مغربی میڈیا اسرائیل کیخلاف نہیں بولتا تھا، اب سوشل میڈیا کی طاقت سے دنیا میں عوامی رائے تبدیل ہو رہی ہے، ایک دن آئے گا جب فلسطینیوں کو ان کا اپنا ملک ملے گا۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینیوں سے بہت زیادہ ناانصافی ہورہی ہے. پاکستانی قوم کو فلسطینیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔  27ویں کی رات کو مسجد نبویﷺ میں تھا جب پتہ چلا کہ قبلہ اول پر حملہ ہوا۔ فلسطینیوں پر نماز کے دوران حملہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان کا موقف ہے کہ فلسطینیوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ پاکستا ن نے ہر فورم پر فلسطینیوں کی حمایت کی ہے۔

مزید پڑھیں: کیا 227 فلسطینیوں کی ہلاکت کوئی معنی نہیں رکھتی؟امریکی سینیٹر کا استفسار

عمران خان نے کہا کہ جب سے اسرائیل بنا ہے پاکستان کا ایک ہی موقف رہا ہے۔ مغربی میڈیا میں بھی اسرائیل پر تنقید ہوئی جو کہ خوش آئند ہے۔ اسرائیلی بربریت سے درجنوں فلسطینی شہید ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نظر آرہا ہے کہ دنیا کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے موقف تبدیل ہورہا ہے۔ اسرائیل کا ساتھ دینے والے ملک اب فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر فورمز پر دباؤ سے مسئلہ  فلسطین کے حوالے دنیا کا موقف تبدیل ہورہا ہے۔ یہ دباؤ جاری رہا تو فلسطینیوں کو جلد حق خودارادیت مل جائے گی۔


متعلقہ خبریں