اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر جانے والوں سے وزیٹر فیس لینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ مارگلہ کی پہاڑیوں پر ہائیکنگ کیلئے آنے والوں کو خصوصی پاس جاری کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
اس حوالے سے چیئرپرسن اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ رینا سعید کا کہنا ہے کہ مارگلہ کی پہاڑیوں پرکوڑا پھینکنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: مارگلہ کے جنگل سے تیندوا سڑک پہ آگیا
انہوں نے کہا کہ مارگلہ ہلز پرغیر قانونی تعمیرات پر سزا اور جرمانے کی سزا بھی تجویز ہے۔ وائلڈ لائف بورڈ کی جانب سے مسودہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ دن قبل پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر چہل قدمی کرتے ہوئے وہاں پر پھیلی گندگی اور پلاسٹک بیگز اکھٹے کر کے تصاویر ٹوئٹر پر شئیر کی تھیں اور گندگی نہ پھیلانے کی گزارش کی تھی۔
برطانوی ہائی کمشنر کی ٹویٹ کے بعد صارفین نے اسلام آباد کے قدرتی مناظر کو صاف رکھنے کی تلقین کے ساتھ ساتھ سفیر کے اس عمل کو بھی خوب سراہا۔