وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری اور فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن نے طویل عرصے سے التوا کا شکار فلم پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے۔
فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے فواد چودھری نے کہا کہ شعبہ فلم کی ترقی اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم نے فلمی صنعت کی تنزلی کو ترقی کے سفر میں بدلنا ہے۔
فوادچودھری نے برآمدات کے حوالے سے فلم پروڈیوسرزایسوسی ایشن کو فوکل گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں سعودی عرب اور چین کے ساتھ تعاون واشتراک سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: سال 2020 کی کامیاب ترین فلمیں
انہوں نے ہدایت کی کہ ایک فوکل گروپ خلیجی ممالک جبکہ دوسرا چین پر توجہ مرکوز کرے۔ ہمیں پاکستان کے سافٹ امیج اور روشن تشخص کو دنیا بھر میں فروغ دینا ہے۔ فلمی صنعت کو بھی دیگر شعبوں کی طرح ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اہم ہے۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ بہترین تخلیق، ٹیکنالوجی کے امتزاج اور اچھے مواد پر توجہ دینا ہوگی۔ حکومت فلمی صنعت کیلئے ٹیکس مراعات اور دیگر مراحل کی منظوری سہل بنانے کیلئے اقدام اٹھارہی ہے۔ حکومت پاکستانی فلموں کی ایکسپورٹ کی حوصلہ افزائی کیلئے پرعزم ہے۔
فواد چودھری سے ملاقات میں فلمی صنعت کی بحالی کیلئے تمام ترممکنہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔