عمران خان نے ایک روپیہ بھی قرضہ واپس نہیں کیا، مفتاح اسماعیل


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک روییہ بھی قرضہ واپس نہیں کیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے احسان اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پرویز الہٰی کو مبارکباد کہ قومی احتساب بیورو نیب نے ایک اورانکوائری بند کر دی۔ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت میں 50 لاکھ پاکستانی بےروزگار ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جب گئی تو 35 لاکھ بےروزگار تھے اور اب 85 لاکھ ہو گئے ہیں۔ موجودہ حکومت میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہوا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے 2 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ ہم شوکت ترین سے اتفاق کرتے ہیں جنہوں نے ایک پروگرام میں کہا کہ ناجائز انٹرسٹ ریٹ بڑھایا گیا۔ عمران خان نہیں بتاتے انٹرسٹ ریٹ بڑھایا بھی انہوں نے تھا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا بوجھ عمران خان اور اس کی پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ میں اس معاملے پر بحث کے لیے تیار ہوں جبکہ عمران خان نے ایک روپے قرضہ واپس نہیں کیا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کی ڈھائی سالہ حکومت میں ملکی قرضہ 13 ہزار ارب بڑھا ہے۔ عمران خان اب تک 4 وزرائے خزانہ کو ہٹا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ا ب شوکت ترین کو لایا گیا ہے اور پھر جب ان کو ہٹائیں گے تو پھر پیپلز پارٹی کے آخری وزیر سلیم مانڈوی والا کی باری ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گیا

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کو ترقی کرتا پاکستان دے کر گئے تھے۔ وہ کہتے تھے قومیں سڑکوں سے نہیں بنتیں لیکن یاد رہے کہ قومیں سڑکوں، اسپتالوں اور اسکولوں سے ہی بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیکس ڈبل کیا تھا قرضہ ڈبل نہیں کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے زرعی شعبے سمیت تمام شعبوں کو تباہ کر دیا جبکہ معیشت زکوٰۃ اور فطرانے سے نہیں چلتی۔ پاکستان کی معیشت کا پہیہ رک چکا ہے جبکہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل بھی سامنے آگیا ہے۔


متعلقہ خبریں