ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’چپکے چپکے‘ نے ٹی وی اسکرینز کے ساتھ ساتھ یوٹیوب پر بھی دھوم مچا دی ہے۔
مومنہ درید پروڈکشنز کی پیشکش کامیڈی سٹ کام ’چپکے چپکے‘ اس رمضان پورے خاندان کی پہلی پسند بن گیا ہے۔ یو ٹیوب پر ٹرینڈنگ میں بھی چپکے چپکے کی زیادہ تر اقساط نمبر 1 اور 2 پر ٹرینڈ کرتی نظر آتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عائزہ خان انسٹاگرام پر چھا گئیں، مداحوں کی شکرگزار
’چپکے چپکے‘ کی 28 اقساط اور پروموز کو یو ٹیوب پر مجموعی طور پر 30 کروڑ کے قریب مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ چپکے چپکے کی منفرد کہانی اور کرداروں نے سب کو اپنا مداح بنا لیا ہے۔
ڈرامے میں عائزہ خان اور عثمان خالد بٹ کی خوبصورت جوڑی اسکرین پر مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈرامے میں مینو کی نٹ کھٹ شرارتوں نے مداحوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔
عثمان خالد بٹ کے منفرد کردار فازی نے بھی خوب داد سمیٹی، صائمہ اکرم چوہدری کے لکھے رمضان اسپیشل ڈرامہ میں ہر کردار شائقین کے دلوں پر اپنی چھاپ چھوڑ رہا ہے۔
’چپکے چپکے‘ میں سیکنڈ لیڈ جوڑی اداکارہ ایمن سلیم اور ارسلان نصیر کی ہے جسے ناظرین بہت زیادہ پسند کر رہے ہیں۔ ایمن سلیم مشی اور ارسلان نصیر ہادی کے کردار میں جلوہ گر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عائزہ خان کا ’مینو‘ کے لیے پیار کا اظہار
میرا سیٹھی نے اس ڈرامہ میں تھوڑی سی سخت مزاج گل آپا کا کردار ادا کیا ہے ان کے مقابل علی سفینہ اپنی جاندار اداکاری سے مداحوں کے دل موہتے نظر آتے ہیں۔
اماں کے کردار میں لیجنڈری اداکارہ اسما عباس بھی شائقین کو خوب بھائی ہیں۔ سب ہی نے ہدایت کار دانش نواز کی رہنمائی میں اپنے کرداروں میں جان ڈالی ہے۔