بلوچستان: 8 تا 16 مئی تک تمام کاروباری، تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد

بلوچستان: 8 تا 16 مئی تک تمام کاروباری، تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد

کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے 8 تا 16 مئی تک تمام کاروباری، تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ ضروری اشیائے کے سوا تمام مارکیٹس، دکانیں اور شاپنگ مالز مکمل طور پر بند رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران چاند رات بازار، جیولری، مہندی اور کپڑوں کی دکانیں بھی بند رہیں گی۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق تما م تفریحی وسیاحتی مقامات، پارکس اور ہوٹلز بھی بند رہیں گے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب حکومت سندھ اور پنجاب نے عید کے تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں 8 سے 16 مئی تک مری اور پنجاب کے دیگر سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ مری یا دیگر مقامات کا رخ نہ کریں۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت نے عید الفطر پر مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے فیصلے پر عمل کریں۔

مزید براں لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت پنجاب بھر میں آٹھ مئی سے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ صوبے میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔

شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پرچیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی، جہاں پولیس کے ساتھ رینجرز اور فوج کے جوان تعینات ہوں گے۔

سندھ حکومت نے بھی صوبے کے تمام سیاحتی مقامات ایک ہفتے کےلیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق آٹھ مئی سے پندرہ مئی تک بند رہیں گے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کینجھر جھیل، مکلی، گورکھ ہل اسٹیشن اور موہنجو داڑو سمیت صوبے کے تمام دیگر مقامات ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گے۔


متعلقہ خبریں