وزارت کامرس نے برآمدکنندگان اور ان کے سپلائرز کے لیے اہم فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ برآمدی انڈسٹری کو10 سے 12 مئی تک کام کی اجازت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کے بینک 10 اور 11 مئی کو برآمدی انڈسٹری کیلئے محدود آپریشنز جاری رکھیں گے۔ برآمدکنندگان کو بندرگاہوں اور کسٹمز کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان: درآمد و برآمد کنندگان کے لیے خوشخبری
عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ برآمدکنندگان مشکل کی صورت میں صوبائی حکومتوں اور وزارت کامرس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مشیر تجارت رزاق داوَد نے عیدالفطر کی 6 چھٹیاں دینے پراعتراض اٹھایا تھا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عبدالرزاق داود نےعید کی چھٹیوں پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ عیدالفطر کی صرف 3 چھٹیاں دینی چاہئیں۔
ہم نیوز کے مطابق مشیر تجارت نے موقف اپنایا تھا کہ 6 چھٹیاں ہونے سے ایکسپورٹرز کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جس پر وزیراعظم نے عید کی چھٹیوں کے دوران ایکسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کر دی تھی۔