بھارت کے چڑیا گھر میں 8 شیر کورونا وائرس میں مبتلا

بھارت کے چڑیا گھر میں 8 شیر کورونا وائرس میں مبتلا

بھارت کے ایک چڑیا گھر میں موجود آٹھ شیروں عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ بھارت میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ جب شیروں میں کورونا  وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

برطانوی اخبار دی میل کے مطابق حیدر کے نہرو زولوجیکل پارک میں موجود 12 میں سے 8 شیروں کو کورونا ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شیروں میں بھوک میں کمی اور کھانسی کی علامات ظاہر ہونے پر چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ان کے کوڈ-19 کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 40 ایکڑ پر محیط سفاری پارک میں رکھے گئے کل 12 میں سے چار نر اور چار مادہ شیر کورونا مثبت کا شکار ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسپین: بارسلونا کے چڑیا گھر میں چار شیر کورونا میں مبتلا

نہرو زولوجیکل پارک کے ڈائریکٹر سدھانند ککریٹی نے اس خبر کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں ابھی تک شیروں کی کرونا ٹیسٹ یعنی پی آر سی کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

تاہم ڈاکٹر سدھانند ککریٹی نے کہا کہ “شیروں میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں لیکن ہمیں ابھی تک سی سی ایم بی کی طرف سے پی سی آر کی رپورٹس موصول نہیں ہوئی ہیں لہذا اس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ شیر فی الحال ٹھیک ہیں۔”

خیال ظاہر کیا جارہا ہے  سینٹر برائے سیلولر اور مالیکیولر بیالوجی (سی سی ایم بی) نے 29 اپریل کو چڑیا گھر کی انتظامیہ کو آٹھ شیروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اسپین کے شہر بارسلونا کے ایک چڑیا گھر میں موجود چار شیر کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے۔  شیروں میں کورونا کی ہلکی علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کئے گئے تھے۔ کورونا وائرس نے ایک نر اور تین مادہ شیروں کو متاثر کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں