سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ہم ایران کو پڑوسی ملک کی حیثیت سے دیکھتے ہیں اور اس کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے خواہش مند ہیں۔
عرب میڈیا ‘العربیہ’ کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مسئلہ اس کا منفی طرز عمل ہے، اس کا جوہری پروگرام ہمارے تعلقات کو بڑھانے میں رکاوٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے ساتھ تعلقات خراب کرنا نہیں چاہتے بلکہ اس کے برعکس ہماری خواہش ہے وہ ترقی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دے کر ہم خطے اور دنیا کو ترقی اور خوشحالی کی طرف راغب کرسکتے ہیں۔
تعلقات میں بہتری کیلئے سعودی ایرانی حکام کی ملاقات، برطانوی اخبار کا دعویٰ
یاد رہے کہ چند روز قبل برطانیہ کے موقر اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان براہ راست ملاقات ہوئی ہے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری لانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے سینیئر حکام کی یہ ملاقات نو اپریل کو عراقی دارالحکومت بغداد میں ہوئی اور اس میں متعدد اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ان دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا یہ پہلا راؤنڈ تھا، جس میں حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سعودی حکام کی طرف سے اس ملاقات کے بارے میں کوئی ردعمل نہیں دیا گیا جبکہ ایرانی حکام بھی اس پر بات کرنے کے لیے دستیاب نہیں ہوئے۔