وفاقی حکومت کا عید پر 5 چھٹیاں دینے کا اعلان


وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس بارعید پر 5 چھٹیاں دی جا رہی ہیں۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن اصلاحات کیلئے اپوزیشن کو اسپیکر نے خط لکھا ہے۔ اپوزیشن ریفارمز کے حوالے سے سنجیدہ رویہ اپنائے۔ اوورسیزپا کستانیوں کو ہرصورت ووٹ کا حق دیناچاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات میں حکومت کے ساتھ مشاورت کیلئے تیار نہیں لگ رہی ہے۔الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تیاری کاعمل جاری ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ کورونا وبا کی پہلی لہرمیں 3400 لوگ انتہائی نگہداشت یونٹ میں گئے تھے،ملک بھر میں موجودہ لہر کے دوران تشویشناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ آکسیجن درآمد کرنے کیلئے چین اور ایران سے بات چیت چل رہی ہے۔ ہوائی جہاز کے ذریعے آکسیجن منتقل نہیں کی جاسکتی۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے وینٹی لیٹرز بیڈز کی تعداد میں تقریباً 60 ہزار تک کا اضافہ کردیا ہے۔ اگر گنجائش ڈبل نہ کی ہوتی تو آج آکسیجن کی صورتحال ہاتھ  سے نکل گئی ہوتی۔ اسپتالوں میں آکسیجن کی مزید ضرورت پڑی تو صنعتی ضروریات کو کم کر دیا جائے گا۔ پاکستان میں اب تک 20 لاکھ افراد کی ویکسینیشن کی جاچکی ہے

فواد چودھری نے کہا کہ مردان میں کل سے مکمل لاک ڈاوَن لگایا گیا ہے۔ کوشش یہی ہے کہ مکمل لاک ڈاوَن کی طرف نہ جانا پڑے۔ ہمیں مکمل لاک ڈاوَن سے پہلے تیاری کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ملکی ضرورت سے 50 فیصد زیادہ بجلی پیدا کی۔ 2023 تک بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ کر 1500 ارب روپے ہوجائے گی۔

فواد چودھری نے کہا کہ پی آئی اے کا آپریشنل خسارہ 57 ارب سے کم ہوکر ایک ارب پر آگیا ہے۔ اب بھی پی آئی اے کے ایک جہاز پر 450 افراد تعینات ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ آج بعض ایم این ایز نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ جہانگیر ترین نے پارٹی کیلئے بہت کام کیا ہے۔ جس پارٹی کا منشور احتساب ہو وہ یہ نہیں کرسکتی کہ اپنے لوگوں کیلئے معیار الگ ہو۔ حکومت تحقیقات پر اثرانداز نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں