لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم نے نپی تلی بالنگ اور عمدہ بیٹنگ کی بدولت نارتھمپٹن شائر کے خلاف چار روزہ ٹورمیچ میں نو وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
قومی ٹیم نے فتح کے لیے درکار133 رنز کا معمولی ہدف 27 اوورز میں محض ایک وکٹ کھو کر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب بلے باز اظہرعلی دس کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد امام الحق اور حارث سہیل نے جم کر بلے بازی کرتے ہوئے 59 اور 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔
میچ کی دوسری اننگز میں میزبان ٹیم 301 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ نارتھمپٹن شائر کی جانب سے آر ویسکون سیلوز 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور شاداب خان نے چار چار اور راحت علی نے میزبانوں کی دو وکٹیں اڑائیں۔
پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں 428 رنز بنائے تھے، قومی ٹیم کے اسکور کو 428 تک پہنچانے میں اسد شفیق کے ناقابل شکست 186 رنز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
جواب میں نارتھمپٹن شائر کی ٹیم میچ کی پہلی اننگز میں صرف 259 رنز جوڑ پائی تھی۔
پاکستان کے نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان نے میچ میں مجموعی طور پردس وکٹیں حاصل کیں اور قومی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔