4 لاکھ ٹویٹس کا تجزیہ کیا، 70 فیصد جعلی اکاؤنٹس سے کی گئیں، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے دھرونوں کے دوران 4 لاکھ ٹویٹس کا تجزیہ کیا، جن میں سے 70 فیصد ٹویٹس فیک اکاوَنٹس سے کی گئیں۔ 380 بھارتی گروپ تھے جو واٹس ایپ میں فیک نیوز چلارہے تھے۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز اور جمعیت علمائے اسلام ف جعلی خبریں اور انتشار پھیلانے کیلئے ٹی ایل پی کے ساتھ مل گئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا  مسلم دنیا کے پلیٹ فارم سے گستاخی روکنے کیلئے مشترکہ آواز بلند کریں گے، مہم کو لیڈ کرنے کی ذمہ داری لیتا ہوں، ساری زندگی مظاہرے کرتےرہیں تو بھی  فرانس کو کوئی فرق نہیں پڑتا  اپنے ہی ملک کو نقصان ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کانفرنس میں پہلی بار اسلاموفوبیا پربات کی۔ میں نے تجویز دی کہ اسلاموفوبیا پر تمام اسلامی ملکوں کوایک موقف اپناناچاہیے۔ اقوام متحدہ میں بھی اسلاموفوبیا اور ناموس رسالتﷺ پر بات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیس بک کے مالک کو خط لکھا کہ فیس بک کو اسلاموفوبیا کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ فرانس میں خاکوں کی اشاعت کے بعد تمام اسلامی ممالک کے سربراہان کو بھی خطوط لکھے۔ میری حکمت عملی یہ ہے کہ تمام اسلامی ممالک ملکر آواز اٹھائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مغرب والے دین کےاتنے قریب نہیں جتنے ہم ہیں۔ مغرب کو تب ہی سمجھایا جاسکتا ہے جب تمام اسلامی ممالک کی ایک آواز ہوگی۔ مغرب میں ہولوکاسٹ کےخلاف کوئی بات نہیں کرسکتا۔ 4 مغربی ممالک میں ہولوکاسٹ پربات کی جائے تو جیل میں ڈال دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب یہاں مظاہرے ہوتے ہیں تو مغرب سمجھتا ہے کہ ہم آزادی رائے کے خلاف ہیں۔ جب تمام مسلمان ممالک ملکرکسی ملک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں تو اثر پڑے گا۔


متعلقہ خبریں