اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے قوم کو علم، تعلیم اور ترقی کی طرف لے کر جانا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے عظیم آدمی وہ ہے جو اللہ کے راستے پر چلا ہے۔ علامہ اقبال نے کہا تھا کہ اسلام کی تاریخ میں مسلمان معاشرہ اس وقت ہی اوپر آیا جب اس نے سنت پر عمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد نبی کریم ﷺ کی سوچ پر چلنے کی کوشش ہے اور ان کی سنت، مدینہ کی ریاست، رولز آف لا، قانون کی بالادستی، فلاحی ریاست کا قیام ہے اور جب تک قانون کی بالا دستی نہیں ہوتی معاشرہ اوپر نہیں جا سکتا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ بدر میں سب کے پاس ہتھیار نہیں تھے لیکن جب قیدی پکڑے تو رہائی کے لیے پیسے بھی لے سکتے تھے لیکن پیسے سے زیادہ ترجیح علم کو دی۔ علم سیکھنا بھی عبادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں علم اور تعلیم کو اہم ترجیح دی گئی، مساجد سے باہر اپنی زندگیاں ری ماڈل کرنا ہماری سب سے بڑی کاوش ہو گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ پروگرام میں وفاقی حکومت تعاون کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت ہر سال 5، 5 ارب روپیہ اسکالر شپ پر خرچ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانیوں کو ایک چیز سمجھ لینی چاہیے کہ جب قوم اوپر آتی ہے تو عظیم قوم بنتی ہے اور جن بڑی قوموں میں قانون کی بالادستی نہیں تھی وہ تباہ ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی عمران خان کی جماعت نہیں ہے، اکبر ایس بابر
وزیر اعظم نے کہا کہ کمزور آدمی جتنی بھی چوری کر لے وہ لندن میں فلیٹ نہیں لے سکتا، لیکن طاقتور پیسہ باہر لے جاتا ہے،ایک ہزار ارب ڈالر غریب ملکوں سے باہر جاتا ہے، بڑے بڑے طاقتور لوگ ایسا کرتے ہیں انکو قانون کے اندر نہیں لائیں گے توملک ترقی نہیں کرے گا۔