مسلم لیگ ن اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے گی، شیخ رشید


وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ختم ہو چکی ہے۔ پیپلز پارٹی نے تو ن لیگ کو استعفے دینے سے نہیں روکا مگر ن لیگ استعفے نہیں دے گی۔ 

شیخ رشید نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے 6 ماہ پی ڈی ایم نے جلسے جلوس کیے اب اتحاد سب کے سامنے ہے۔ عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں نااہل اور نالائق اپوزیشن ملی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے سندھیو ں کےشناختی کارڈ کے حوالے سے بات نہیں کی، میں نے بات بنگالیوں اور دیگر غیر ملکیوں سے متعلق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈسکہ میں ہم ہار کر بھی جیتے ہیں، شیخ رشید احمد

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سےمتعلق بلاول بھٹو کا بیان وہی ہے جو ایک اپوزیشن کا ہونا چاہیے، آرڈیننس سے متعلق احتجاج پیپلزپارٹی کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو 100 بار عمران خان نے فاشسٹ کہا، کشمیر کے معاملے پر حکومت کا موقف واضح ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ڈیل پر ہم مطمئن نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور آئی ایم ایف ڈیل عوام دشمن ہے۔ ہم نے پہلے بھی ڈیل پر اعتراض کیا اوراب بھی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو ختم کرنا چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں حکومتی معاشی پالیسیوں پر بات کی گئی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل سے پاکستان کی خود مختاری متاثر ہوگئی ہے۔ ڈیل سے پاکستان کے عوام پر بوجھ بڑھ جائے گا۔ ڈیل سے معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف معاہدے کی تفصیلات کسی کے علم میں نہیں۔ بجٹ کے معاملات تو پارلیمان کا کام ہے بند کمرے میں نمٹانے کی کوشش کا کیا مطلب ہے؟ آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے کی تفصیلات پارلیمان میں نہیں لائی گئیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی: بجٹ میں 12کھرب روپے سے زائد کے ٹیکس لگائے جائیں گے

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اسٹیٹ بینک کو بااختیار بنانے سے متعلق مجوزہ صدراتی  آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کا مجوزہ آرڈیننس ملکی معاشی خودمختاری پر حملہ ہے۔ ریاستی بینک کو آرڈیننس کے تحت پاکستان کے آئین سے بالاتر کرنا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں