وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جس پر بھی الزامات ہیں قانون کا سامنا کرے عدالتیں انصاف فراہم کریں گی۔
مستند ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ دورہ لاہور کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ میں قانون سب کے لیے برابر ہے، ریاست مدینہ کو عملی جامہ پہنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا جہانگیر ترین پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی
عمران خان نے کہا کہ قانون سب کے لیے ایک ہے کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے، مجھ سمیت سب قانون کے سامنے جوابدہ ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں قانون کی بالا دستی ہوگی۔
دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیرخان ترین نے کہا تھا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں۔ میرے خلاف 3مقدمات ہیں۔ پاکستان میں80 شوگر ملز ہیں، لیکن نشانے پر صرف میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کردیے گئے ہیں۔
جہانگیرترین نے کہا کہ اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ ، یہ سب کون کررہا ہے؟ ظلم بڑھتا جارہا ہے، میری وفاداری کا امتحان لیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دوست ہوں دشمن نہ بنائیں، جہانگیرترین کی وارننگ
بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہورہی ہے، وجہ کیا ہے؟ ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انھیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی یہ سب کررہا ہے وقت آگیا ہے انہیں بے نقاب کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں جہانگیرترین نے کہا پی ٹی آئی سے راہیں جدا نہیں ہوئیں۔