کم کارڈیشین ویسٹ بھی ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل

کم کارڈیشین ویسٹ بھی ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل

امریکی ٹی وی ریئلٹی سٹار کم کارڈیشین ویسٹ بھی ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے بزنس جریدے فوربز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹی وی شوز اور اشتہاروں کے ساتھ ساتھ کپڑوں اور کاسمیٹکس کے کاروبار کے ذریعے حاصل ہونے والی اُن کی مجموعی دولت ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

اب کم کارڈیشین ویسٹ کی عالمی ارب پتی فہرست کے 2755 افراد میں سے ایک ہیں۔ اس فہرست میں سب سے اوپر ایمازون کے بانی جیف بیزوس ہیں جن کی مجموعی دولت کی مالیت 177 ارب ڈالر ہے۔

گذشتہ سال اس فہرست میں شامل کیے جانے والے امریکیوں میں ڈیٹنگ ایپ بنانے والی ویٹنی ولف ہرڈ (1.3 ارب)، فلم ساز ٹائلر پیری (ایک ارب ڈالر) اور کاسینو میگنیٹ شیلڈن ایڈلسٹن کی بیوہ مریم ایڈلسٹن (38.2 ارب) شامل ہیں۔

بی بی سی کے مطابق کم کارڈیشین ویسٹ کے شوہر کانیئے ویسٹ پہلے ہی اس فہرست میں 1.8 ارب ڈالر کے ساتھ موجود ہیں جبکہ ان کی بہن کائلی جینر کو گذشتہ سال فوربز نے اس فہرست سے یہ کہہ کر نکال دیا تھا کہ ان کے خاندان نے اُن کے کاسمیٹکس بزنس کی مالیت بڑھا چڑھا کر بتائی تھی۔

فوربز نے اکتوبر میں اس بات کا اندازہ لگایا تھا کہ 40 سالہ کم کارڈیشیئن کی کل دولت 780 ملین ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب ڈالر تک اس وقت پہنچی جب ان کے ’کے کے ڈبلیو بیوٹی کاسمیٹکس‘ اور ’سکمز شیپ ویئر‘ میں شیئرز کی قیمت بڑھی۔

کے کے ڈبلیو 2017 میں لانچ کی گئی تھی جبکہ ’سکمز‘ دو سال بعد لانچ کی گئی۔ سکمز کا پہلے نام کمونو رکھا گیا تھا تاہم یہ نام اس وقت تبدیل کیا گیا جب اس پر الزام لگایا گیا کہ ایشیائی ثقافت کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔

کم کارڈیشین ویسٹ نے گذشتہ سال کے کے ڈبلیو کا بیس فیصد کاسمیٹکس کی کمپنی کوٹی کو 200 ملین ڈالر میں بیچا جس میں اس کاروبار کی کل ملیت کا اندازہ ایک ارب ڈالر لگایا گیا۔


متعلقہ خبریں