راولپنڈی کی مقامی عدالت میں ملزم کی ضمانت منظور ہونے ایک خاتون نے ہنگامہ کھڑا کردیا اور مجسٹریٹ سردار عمر حسن پر حملہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم خاتون نے ملزم کی مقامی مجسٹریٹ کی عدالت سے ضمانت منظور ہونے پر احاطہ عدالت میں ہنگامہ کھڑا کردیا اور جج پر حملہ آور ہوئی۔
عدالت کے ریڈر راضہ کامران کی مدعیت میں تھانہ سول لائن راولپنڈی میں درج کیے گئے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ایک لیڈی عدالت میں آئی اور پوچھا کہ وقاص واحد کی ضمانت کا کیا بنا۔ خاتون کو جب بتایا گیا کہ ملزم کی ضمنات ہوچکی ہے، جس پر خاتون نے بدتمیزی شروع کردی۔
مدعی کے مطابق خاتون گالم گلوچ کرتے ہوئے کمرہ عدالت میں داخل ہوگئی اور جج سے بد تیمزی کی اور کہا کہ ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے والے آپ کون ہوتے ہیں۔ آپ مجھے جانتے نہیں۔
مزید پڑھیں: سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، شریک ملزم کی ضمانت منظور
مدعی کے مطابق خاتون نے فائلیں اٹھاکر جج کو مارنا شروع کردیں اور اپنے ہینڈ بیگ سے سیدھے جج کو دے مارا، جس کے بعد جج چیمبر میں چلے گئے۔ خاتون نے مجسٹریٹ سردار عمر حسن کے چیمبر میں داخل ہونے کی کوشش کی اور گالم گلوچ کیا۔
مدعی کے مطابق خاتون نے عدالت میں خوف و ہراس پھیلایا اور عدالت کا کام ایک گھنٹے کے لیے رکا رہا۔ بعد میں پولیس کو بلایا گیا اور احاطہ عدالت میں ہنگامہ کرنے والی خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق عدالت میں جج پر حملہ آور ہونے والی خاتون پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کو گرفتار کرکے ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا
ذرائع کے مطابق مقدمہ تھانہ سول لائن میں عدالت کے ریڈر کامران اکبر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔