سابق امریکی صدر کی مسلمان دادی کا جنازہ اور تدفین


کینیا: سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کی دادی کا نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کر دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کی 99 سالہ مسلمان دادی گزشتہ روز کینیا میں انتقال کر گئی تھیں۔

سابق امریکی صدر کی سوتیلی دادی سارا اوبامہ 1922 میں لیک وکٹوریہ میں پیدا ہوئیں تھیں اور باراک اوبامہ کے امریکی صدر بننے کے بعد انہیں شہرت ملی تھی۔

سارا اوبامہ سابق امریکی صدر کے دادا حسین اونیانگو اوباما کی دوسری بیوی تھیں۔ بارک اوباما کے والد نے ان کی والدہ سے اس وقت علیحدگی اختیار کی جب بارک صرف 2 برس کے تھے۔ بارک اوباما کے والد کا 46 برس کی عمر میں کار ایکسیڈنٹ میں انتقال ہو گیا تھا۔

سارہ اوباما نے سابق امریکی صدر کے والد باراک اوباما سینئر کی پرورش میں مدد کی تھی۔ اوبامہ خاندان کا تعلق کینیا کے لیو نسلی گروہ سے ہے۔

صدر اوبامہ اکثر اپنی سوتیلی دادی سے پیار کا اظہار کرتے تھے اور انہوں نے اپنی یادداشت میں انہیں ‘گرینی’ کے نام سے مخاطب کیا ہے۔

خیال رہے کہ سال 2015 میں اپنے والد کے آبائی ملک کینیا کے  دورے کے دوران اوبامہ نےاپنے رشتے داروں کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں۔ ان رشتے داروں میں اوبامہ کی ایک سوتیلی بہن آؤما اور اُن کی سوتیلی دادی ’ماما‘ سارہ بھی شامل تھیں۔

سارہ اوبامہ نے 2009 میں اوبامہ کی جانب سے صدر کی حلف برداری کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔ سال 2014 میں اوبامہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب میں بھی ماما سارہ کا ذکر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں