سری نگر: کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ معصوم کشمیریوں کو سڑکوں پر شہید کیا جا رہا ہے جن میں یونیورسٹی کے پروفیسرز بھی شامل ہیں، پچھلے 36 گھنٹوں میں 14 معصوم کشمیریوں کی لاشیں ملی ہیں۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مشال ملک کا کہنا تھا کہ پیلٹ اور شوٹر گنز سے ہمارے نوجوانوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور تحریک کو دبانے کے لیے ہر طرح کا اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
ہفتے کو منظر عام پرآنے والی کشمیری نوجوان کے قتل کی ویڈیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے مشال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے احتجاج کرنے والے نوجوان کو بکتر بند گاڑی کے نیچے کچل کر ہلاک کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج دنیا کی سب سے بزدل فوج ہے جو نہتی قوم سے ڈرتی ہے لیکن اسلحے کے بے دریغ استعمال کے باوجود بھی بھارتی فوج کشمیریوں کی تحریک کو نہیں دبا سکی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو کشمیریوں کے خلاف کیے جانے والے جنگی جرائم کا جواب دینا ہوگا اور جلد یا بدیر دنیا کو کشمیریوں کی آواز سننی پڑے گی۔