اسلام آباد انتظامیہ کا کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایکشن


کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی، جمعہ اور ہفتے کو دکانیں بند نہ کرنے پر مختلف جگہوں میں دکانیں اور ریسٹورنٹس سیل کردیے گئے۔

کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر  اسسٹنٹ کمشنر  سٹی نے آبپارہ مارکیٹ میں چھاپہ مار کر 3 دکانیں اور ریسٹورنٹ کو سیل کردیا اور 3 پر جرمانہ عائد کردیا۔

مجسٹریٹ سٹی نے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے  G-6/1 اور G-6/3 کی متعدد دکانوں اور ریسٹورینٹس کو سیل کر دیا

اسسٹنٹ کمشنر  سٹی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو وارننگز بھی دی۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18 ریسٹورنٹس کو سیل کیا گیا۔ 21  دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کردیا گیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 2 لاکھ سے زائد کا جرمانہ بھی کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: کورونا، ضلعی انتظامیہ نے نئی پابندیاں عائد کردیں

دوسری جانب اے سی صدر نے لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لیے I-10 کی مارکیٹس کا دورہ کیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4 دکانوں اور 1 ریسٹورنٹ کو بند کرا دیا گیا۔
اے سی انڈیسٹریل ایریا نے فیصل مسجد میں غیر قانونی پارکنگ ٹکٹوں کے خلاف چھاپہ مار کر ملوث افراد کو گرفتار کر لیا۔ حراست میں لۓ جانے والے افراد اور ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کاروائی شروع کردی گئی ہے۔ پولیس سمیت ڈی ایم اے کے عملہ کو بھی جائے وقوع پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی) کی ہدایت پروفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی وجہ سے نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں