کورونا کی تیسری لہر: فرانس میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کی تیاری

کورونا کی تیسری لہر: فرانس میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کی تیاری

کورونا کی تیسری لہر کے بعد بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب فرانسیسی حکام نے دارالحکومت پیرس سمیت 16 دیگر مقامات پر جمعے کی رات سے دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پیرس سمیت دیگر 16 اہم شہروں میں ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

فرانسیسی وزیراعظم جین کاسٹکس نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے سبب ملک میں انفکشن کا امکان پڑھتا جارہا ہے۔ تاہم اس مرتبہ لاک ڈاؤن پہلے کی نسبت زیادہ سخت نہیں ہوگا اور لوگوں کو گھر سے باہر ورزش کرنے کی اجازت ہوگی۔ لوگوں کو اپنے گھروں سے 10کلو میٹر دور تک چہل قدمی کرنے کی اجازت ہوگی۔

فرانسیسی حکام کے مطابق لوگوں کو ایک شہر سے دوسرے شہر بلا وجہ سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو گھر سے باہر سفر کرنے کے لیے ایک فارم پر کرنا ہوگا اور سفر کی معقول وجہ بتانا ہوگی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں اموات کی تعداد27لاکھ سے بڑھ گئی

بی بی سی کے مطابق فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں.

فرانس کے وزیر صحت اولیور ویران کا کہنا ہے کہ پیرس میں کورونا کی صورتحال پریشان کن ہے جہاں 12 سو افراد مختلف اسپتالوں کی انتہائی نگہداشت یونٹس میں زیر علاج ہیں۔

فرانس میں نئے کورونا اقدامات کے تحت غیر ضروری کاروبار بند کردیے جائیں گے تاہم اسکولز کھلے رہیں گے۔ کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے والی نائی کی دوکانوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی۔

حکومتی ترجمان گیبریل اٹال کا کہنا ہے کہ اس دفعہ کورونا لاک ڈاؤن پہلے دونوں لاک ڈاؤن سے مختلف ہوگا۔ کونسا کاروبار بند اور کونسا کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے گی اس کی تفصیلات جلد بتائی جائیں گی۔

فرانس میں اب تک 41 ہزار 81 ہزار 6 سو سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 91 ہزار 6 سو سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ فرانس میں دو لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب ہوگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں