کورونا: صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید پابندیاں لگائیں گے، اسد عمر

فائل فوٹو


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال بہتر نہ ہوئی تو مزید پابندیاں لگائیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کی مثبت شرح میں اضافہ ہوا ہے جس ے باعث اسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔

این سی او سی کے سربراہ نے عوام کو پیغام دیا کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پابندیاں مزید سخت کی جا سکتی ہیں، کورونا کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے اور ہلاکت خیز ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید61اموات اور 3ہزار495نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 717 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6لاکھ 15 ہزار810ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد24ہزار592 ہے۔ 5 لاکھ 77 ہزار501 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں واک ان کورونا ویکسینیشن کا عمل جاری

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 5 ہزار896افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار469، خیبر پختونخوا 2 ہزار188، اسلام آباد میں 531، گلگت بلتستان میں 103، بلوچستان میں 202 اور آزاد کشمیر میں 328 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 49 ہزار476، خیبرپختونخوا 77 ہزار433، سندھ 2 لاکھ 62 ہزار307،  پنجاب میں ایک لاکھ 91 ہزار186، بلوچستان 19 ہزار269، آزاد کشمیر 11 ہزار264 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 965 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں