سرگودھا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ، 3 علاقے سیل


سرگودھا: پنجاب کے شہر سرگودھا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 3 علاقے سیل کر دیے گئے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق سرگودھا میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث خواتین ڈگری کالج کی عمارت کو بھی سیل کر دیا گیا ہے جسے 18 مارچ کے بعد کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

شہری انتظامیہ کے مطابق شہر میں آمدورفت محدود کرنے کے لیے یونیورسٹی گیٹ پر سیکیورٹی اہل کار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا کے مطابق سرگودھا کے علاقے اقبال کالونی بلاک زیڈ کی گلی نمبر 3 بھی سیل کی گئی ہے جبکہ انتظامیہ کی طرف سے 27، 28 بلاک کے 10 گھروں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے2 ہزار664 نئےکیسز رپورٹ

سیل کیے گئے علاقے کے مکینوں کو گھروں میں ہی کھانے پینے سمیت دیگر اشیا فراہم کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب گزشتہ 24 گھنٹے میں پاکستان میں مزید 32 اموات اور 2 ہزار 664 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 508 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 5 ہزار 200 ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 21 ہزار 121 ہے۔ 5 لاکھ 70 ہزار 571 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں