بنگلہ دیش کی پہلی خواجہ سرا نیوز کاسٹر

بنگلہ دیش کی پہلی خواجہ سرا نیوز کاسٹر

بنگلہ دیش  کے ایک نجی ٹی وی چینل نے پہلی مرتبہ ایک خواجہ سرا کو بطور نیوز کاسٹر  متعارف کرایا ہے۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بنگلہ دیش کے نجی ٹی وی چینل “بوشاکھی” نے 29 سالہ خواجہ سرا تشنوا عنان شیشیر کو بطور نیوز اینکر بھرتی کیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ٹی وی چینل کے اس اقدام کو سراہا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تشنوا عنان شیشیر نے نجی ٹی وی چینل پرتین منٹ کا نیوز بلیٹن پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سرا  تشنوا عنان شیشیر نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی مطالعہ کرنے اور اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ گزارا ہے تاکہ وہ اپنا نقطہ نظر پیش کرسکے۔ آج مجھے وہ پلیٹ فارم مل گیا ہے۔

بنگلہ دیش میں خواجہ سراؤں کی آبادی لگ بھگ 15 لاکھ  ہے، جنہیں معاشرے میں امتیازی سلوک اور تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بنگلہ دیش میں خواجہ سرا کمیونٹی کے زیادہ تر افراد بھیک مانگنے یا جسم فروشی کے پیشے سے منسلک ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا روشن چہرہ بننے والے کچھ کردار

شیشیر کا کہنا ہے کہ نوعمری میں ہی انہیں خواجہ سرا ہونے کا احساس ہوا تھا۔ اس عرصے میں انہیں جنسی ہراسانی کے ساتھ ساتھ ذہنی اذیت بھی برداشت کرنا پڑی۔

بنگلہ دیش کی پہلی خواجہ سرا نیوز کاسٹر کا مزید کہنا ہے کہ ان کی جنس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ کو بھی ہراساں کیا گیا جس کے بعد ان کے والد نے بات کرنا چھوڑ دی تھی۔

اپنے آبائی شہر سے فرار ہونے کے بعد انہوں نے دارالحکومت ڈھاکہ اور نارائن گنج میں تنہا رہائش اختیار کی۔ اس دوران تعلیم حاصل کرنے کا عزم لیے انہوں نے ڈھاکہ کی ایک یونیورسٹی سے پبلک ہیلتھ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرلی۔

شیشیر کا کہنا ہے کہ “نامساعد حالات کے باوجود میں نے کبھی اسکول نہیں چھوڑا اور میری چھٹی حس نے ہمیشہ مجھے کہا کہ پڑھتے رہیں۔ اگر میں پڑھائی جاری رکھتی ہوں تو مجھے منزل مل ہی جائے گی”

انہوں نے کہا کہ میں نے روزانہ سینکڑوں توہین آمیز جملے سنے لیکن اپنی تعلیم جاری رکھی۔ میرے ذہین میں بس یہی تھا کہ مجھے اپنی تعلیم جاری رکھنی چاہیے۔
شیشیر کا کہنا ہے کہ نوکری کی تلاش میں انہوں نے بہت سارے چینلز کا چکر لگایا لیکن کوئی بھی انہیں رکھنے کے لیے تیار نہ تھا۔ بلا آخر نجی ٹی وی چینل بوشاکھی نے انہیں نوکری کی پیشکش کردی جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔
بوشاکھی نیوز چینل کے ترجمان ذوالفقار علی مانک نے کہا ہے کہ شیشیر کو بطور نیوز اینکر متعارف کرانا ایک تاریخی قدم ہے اور چینل نے کچھ ناظرین کی جانب سے شدید ردعمل کے خطرے باجود شیشیر کو موقع فراہم کیا۔

خیال رہے کہ سال 2018 میں پاکستان کے نجی ٹی وی چینل کوہنور نیوز نے ماریہ ملک نامی ایک خواجہ سرا کو نیوز کاسٹر کے طور پر متعارف کرایا تھا۔

نیوز کاسٹر کے طور پر پہلی بار سامنے آنے والی ماریہ ملک ماڈلنگ کے شعبے میں بھی اپنا آپ منوا چکی تھیں۔


متعلقہ خبریں