ملتان: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان سے اتحاد کے لئے ہمیں اسرائیل کو تسلیم کرنا ہو گا جو ہم نہیں کر سکتے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا ملک کی بدقسمتی ہو گی۔ پاکستانی میڈیا پراچھائیاں چھپا کرحکمرانوں کی برائیاں دکھائی جاتی ہیں ، جو یہ سب کراتے ہیں ہم ان مکار دوستوں کے شر سے پناہ مانگتے ہیں۔ 13 مئی کو مینار پاکستان پر ایم ایم اے کا جلسہ ملکی تاریخ بدل دے گا۔
ایک سوال پرمولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل کا تجربہ پہلی بارنہیں ہوا بلکہ دینی جماعتوں کا یہ اتحاد ماضی میں بھی کامیاب رہا ہے۔
ایم ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہماری جماعت متحدہ مجلس عمل کے مشترکہ انتخابی نشان کتاب پر انتخابات میں حصہ لے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو لوگ جنوبی پنجاب سے نئے صوبے کے لئے آواز اٹھا رہے ہیں انہیں پانچ سال پہلے کیوں یاد نہیں آیا، ہم تو پہلے دن سے بہاولپوراور سرائیکی صوبے کے حامی رہے ہیں۔
فاٹا اصلاحات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وزیراعظم کی تقریر پر تحفظات ہیں، فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کریں گے۔
جے یو آئی ایف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی کے محاذ پر پاکستان مشکلات کا شکار ہے۔