دنیا کا بلند ترین جھولا عوام کیلئے کھول دیا گیا

دنیا کا بلند ترین جھولا عوام کیلئے کھول دیا گیا

بلند و بالا اور گھومتی عمارتوں کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والے دبئی کے تھیم پارک میں دنیا کے بلند ترین جھولے (سوئنگ رائیڈ) کو باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ پارکس دبئی کے تھیم پارک میں بالی ووڈ اسکائی فلائر (Bollywood Skyflyer) جھولا ٹیسٹنگ کے مراحل کی کامیابی کے بعد باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس جھولے کی کل اونچائی 460 فٹ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سوئنگ رائیڈ امریکی ریاست فلوریڈا کے 450 فٹ بلند اورلینڈو فلائر سے بلند ہے جسے اب تک دنیا کا بلند ترین جھولا مانا جاتا تھا۔

مزید پڑھیں: برج خلیفہ دنیا کا بلند ترین ڈونیشن باکس بن گیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق جھولے میں سواری کے لیے آنے والے افراد ہوا میں اونچی ترین اڑان کے مزے لیتے ہیں جہان وہ اپنی نشست کے گرد گھومتے ہوئے پارک کا مکمل فضائی نظارہ کر سکتے ہیں۔

تھیم پارک کے جنرل منیجر ملٹن ڈی سوزا کے مطابق بالی ووڈ اسکائی فلائر 421 ٹن اسٹیل سے بنا ہے جس سے تعمیر کرنے میں 600 دن لگے اور نصب کرنے میں مزید 120 دن لگے۔

‘بالی ووڈ پارکس دبئی” دبئی پارکس اینڈ ریزورٹس کا حصہ ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق سال 2019 میں اس تھیم پارک میں قریباً 26 لاکھ  لوگوں نے سیر کی۔ سال 2020  میں عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب یہ تھیم پارک زیادہ تر بند رہا۔

ڈی سوزا کا کہنا ہے کہ اس سال کے آکر تک یہ تھیم پارک مزید عالمی ریکارڈ  بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں