اسلام آباد اور پنجاب میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی مہم شروع

ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کیلئے حکومت پاکستان کا اہم قدم

فوٹو: فائل


صحت کے شعبے میں انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان نے عوام کو ٹائیفائیڈ سے بچانے کے لیے ملک بھر میں ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا ہے۔ 

ترجمان وزارت صحت کے مطابق پنجاب کے 12 اضلاع اور اسلام آباد میں ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسینیشن مہم کا آغاز آج سے کیا گیا ہے۔

مہم کے دوران نو ماہ سے 15 سال کے 12.7 ملین بچوں کو ٹائیفائیڈ کی ویکسین لگائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں پہلی بار ٹائیفائیڈ سے بچاؤ مہم چلانے کا فیصلہ

نومبر 2019 میں پاکستان دنیا کا پہلا ملک بنا جس نے ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسین کو معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں متعارف کروایا۔

واضح رہے پہلے مرحلے میں ٹائیفائیڈ ویکسین سندھ کے دس اضلاع میں تقریبآ دس ملین بچوں کو لگائی گئی، حکومت نے ملک بھر میں ٹائیفائیڈ کے کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اس مہم کا آغاز کیا ہے۔

خیال رہے کہ سال 2020 میں ٹائیفائیڈ کے تقریبآ آٹھ ہزار کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اس موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ  ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسینیشن مہم کے دوران بچوں کو موثر اور محفوظ طریقے سے حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے موثر اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں سے متعلق توسیعی پروگرام کو مستحکم کرکے حکومت ہر بچے کی صحت مند زندگی کو ترجیح دے رہی ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ پاکستان اپنی مرحلہ وار حکمت عملی کے ذریعے بچوں کو مہلک بیماری سے بچانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیفائیڈ کو کونجگٹ ویکسین کی مدد سے روکا جاسکتا ہے جو کہ ایک خوراک کی ویکسین ہے۔  ٹائیفائیڈ متعدی بیماری ہے اور یہ آلودہ خوراک اور پانی سے پھیلتی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا ٹائیفائیڈ اور اس سے وابستہ پیچیدگیوں سے بچے غیر متناسب طور پر متاثر ہوتے ہیں، حکومت پاکستان بچوں کو مہلک بیماری سے بچانے کیلئے ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسین (ٹی وی سی) متعارف کروا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹائیفائیڈ کی ادویات بے اثر ہونے لگیں: صورتحال سنگین ہوگئی

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب یکم فروری سے 15 فروری 2021 تک اسلام آباد میں بچوں کو ٹائیفائیڈ ویکسین دی جائے گی، ٹائیفائیڈ ویکسین سے مہلک بیماری کے خلاف بچے کے مدافعتی نظام کو تقویت ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ والدین سے اپیل ہے 9 ماہ سے لے کر 15 سال تک کی عمر کے بچوں کو ٹائیفائیڈ کے خلاف انجیکشن لگوایں۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے بچوں کو متعدی بیماری سے بچائیں اور انہیں صحت مند اور محفوظ مستقبل فراہم کریں۔


متعلقہ خبریں