شہر قائد میں رواں سال کا پہلا مشکوک پولیس مقابلہ


کراچی: شہر قائد میں رواں سال کا پہلا مشکوک پولیس مقابلہ سامنے آ گیا۔ لواحقین نے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں اتوار کو مبینہ پولیس مقابلے میں سلطان نذیر کی ہلاکت کا معاملہ مشکوک ہو گیا۔ مقتول کے لواحقین نے پولیس کے خلاف سائٹ اے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔

تھانے کے باہر احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے سلطان نذیر سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جبکہ سلطان نذیرآن لائن بائیک سروس پر سفر کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مقتول سلطان نذیر کو موٹر سائیکل چلانا نہیں آتا تھا اور واقعے کے روز بھی وہ اسی سروس کے ذریعے رشتے دار کے گھر جا رہا تھا جبکہ پولیس تحقیقات کے لیے آن لائن ریکارڈ بھی چیک کر سکتی ہے۔

لواحقین نے ایس ایس پی کیماڑی تحقیقاتی کمیٹی پرعدم اعتماد کا اظہار کر دیا اُن کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی میں ہمارے عمائدین کو بھی شامل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سائٹ ایریا میں پولیس مقابلہ، ڈاکو ہلاک، اہلکار زخمی

واقعہ کا مقدمہ قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقتول کے کزن سلیم اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں 2 پولیس اہلکاروں شبیر احمد اور جہانگیر کو نامزد کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں