ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کو ’ویک اپ کال‘ قرار دے دیا

ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کو ’ویک اپ کال‘ قرار دے دیا

فوٹو: فائل


جینیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کو ویک اپ کال قرار دے دیا ہے۔ 

ڈبلیو ایچ او کے عہدیداروں نے سال 2020 کی آخری پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کو ’ویک اپ کال‘ قرار دے دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران حکام کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے بعد اس سے زیادہ مہلک انفیکشنز ہوسکتی ہیں، کورونا سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور سیکھ بھی رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈبلیو ایچ او کی پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی

ڈبلیو ایچ او حکام نے کہا کہ مختلف اقدامات کے ذریعے کورونا وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے، عہدیداروں نےعزم کا اظہار کیا کہ ہم یہ جنگ ہار نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا اور کورونا وائرس کو شکست دینی ہو گی۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 8 کروڑ 16 لاکھ 69 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 17 لاکھ 81 ہزار 442 اموات ہو چکی ہیں۔

دنیا میں کورونا کے 5 کروڑ 77 لاکھ 95  ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے اور 2 کروڑ 20 لاکھ 92 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔

امریکہ میں کورونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 3 لاکھ 43 ہزار 182 اموات ہو چکی ہیں اور ایک کروڑ 97 لاکھ 81 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 190 اور ایک کروڑ 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صحت عامہ میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی، سربراہ عالمی ادارہ صحت

برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 91 ہزار 641 اور 75 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

روس میں 30 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 55 ہزار 265 ہے۔

فرانس میں 25 لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 63 ہزار 109 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ برطانیہ میں 23 لاکھ 29 ہزار کورونا کیسز اور 71 ہزار 109 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں